لائن لاسز میں کمی، سو فیصد ریکوری کیلئے اقدامات تیز
بجلی چوری روکنے ، ڈیفالٹرز کیخلاف کارروائی کی جائے ، عظمت علی خان
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل چیف انجینئر میپکو سرکل وہاڑی عظمت علی خان نے لائن لاسز میں کمی اور سو فیصد ریکوری کے حصول کے لئے فیلڈ میں مؤثر نگرانی بڑھانے ، ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور بجلی چوری کی روک تھام کے لئے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وہ میپکو وہاڑی سرکل میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میوٹ اور آئیڈل میٹرز کی فوری جانچ کی جائے اور انہیں فعال بنایا جائے یا قواعد کے مطابق ضروری کارروائی مکمل کی جائے تاکہ ریونیو اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی ایم سافٹ ویئر پر ایم سی اوز اور ایس سی اوز کی بروقت اور درست پوسٹنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ میٹرنگ ڈیٹا کی مؤثر نگرانی، تجزیہ اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔عظمت علی خان نے واضح کیا کہ لائن لاسز، ریکوری اور میٹر مینجمنٹ سے متعلق مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسر اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔اجلاس کے اختتام پر ایکسینز، ایس ڈی اوز اور ریونیو افسروں نے مقررہ اہداف کے بروقت حصول، صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور میپکو کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمرشل منیجر بلال حسن گیلانی، ایکسین وہاڑی عمار صدیقی، ایکسین میلسی فیاض کھوکھر، ایکسین بوریوالہ اکرم جاوید اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments