کورونا کنوینس الاؤنس کی ریکوری روکنے ، کٹوتی نہ کرنے کا حکم

کورونا کنوینس الاؤنس کی ریکوری روکنے ، کٹوتی نہ کرنے کا حکم

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ادا کیے گئے کورونا کنوینس الاؤنس کی ریکوری کے معاملے پر اہم وضاحتی مراسلہ جاری کرتے ہوئے اس مد میں مزید کٹوتی اور وصولی فوری طور پر روکنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

مراسلے کے مطابق 26 نومبر 2020 سے 10 جنوری 2021 اور 26 اپریل 2021 سے 21 مئی 2021 تک ادا کیے گئے کورونا کنوینس الاؤنس کی ریکوری کا معاملہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پہلے ہی نمٹا دیا گیا ہے ، لہٰذا اس حوالے سے مزید کسی قسم کی کٹوتی یا وصولی نہیں کی جائے گی۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تنخواہوں سے کورونا کنوینس الاؤنس کی کوئی رقم منہا نہ کی جائے اور نہ ہی 32-A چالان کے ذریعے سرکاری خزانے میں اس مد کی رقم جمع کرائی جائے ۔ اگر کسی ملازم سے پہلے ہی کٹوتی کی جا رہی ہے۔

 یا 32-A چالان کے ذریعے رقم وصول کی جا رہی ہے تو یہ عمل فوری طور پر بند کر دیا جائے ۔تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مراسلے کی نقول اپنے ماتحت تدریسی و غیر تدریسی عملے تک پہنچائیں اور ان احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر غیر ضروری خط و کتابت سے گریز کیا جائے ، جبکہ ہدایات کی خلاف ورزی یا آڈٹ اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے ساتھ غیر ضروری مراسلت کی صورت میں متعلقہ ادارے کا سربراہ ذاتی طور پر ذمہ دار ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...