نشتر وارڈ 11 میں ڈونرز کے تعاون سے طبی سہولتیں بہتر
نشتر وارڈ 11 میں ڈونرز کے تعاون سے طبی سہولتیں بہتر ایئرکنڈیشنرز فعال، طبی آلات فراہم، اینڈوکرائنولوجی میں اکیڈمک سیشنز کا آغاز
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال کے وارڈ نمبر 11 میں شعبہ میڈیسن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد عالم کی ذاتی دلچسپی اور مختلف مخیر حضرات، ڈونرز اور زکوٰۃ فنڈ کے تعاون سے مریضوں کی سہولت اور علاج کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات مکمل کر لیے گئے ۔وارڈ انتظامیہ کے مطابق بارہا نشاندہی کے باوجود خراب ایئرکنڈیشنرز کی مرمت نہ ہونے پر ڈونرز اور زکوٰۃ فنڈ کی مدد سے چار ایئرکنڈیشنرز کو دوبارہ فعال کیا گیا، جس سے شدید گرمی میں مریضوں اور تیمارداروں کو نمایاں ریلیف ملا۔اسی طرح فالج (اسٹروک) کے مریضوں کے لیے 10 خصوصی میٹریسز، گلوکومیٹرز، پلس آکسی میٹرز، انفیوژن پمپس اور چار نیبولائزرز عطیے کے ذریعے فراہم کیے گئے ۔ اس کے علاوہ مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والے دیگر ضروری طبی آلات اور سامان بھی مخیر حضرات کے تعاون سے وارڈ میں شامل کیا گیا۔مزید برآں شعبہ اینڈوکرائنولوجی میں باقاعدہ اکیڈمک سیشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے ، جن کا مقصد ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور علاج کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے ۔ وارڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محدود سرکاری وسائل کے باوجود ڈونرز اور زکوٰۃ فنڈ کے تعاون سے مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ بیشتر ترقیاتی اور فلاحی اقدامات مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments