زہریلا آٹا فروخت کرنے والا چکی مالک فرار، مقدمہ درج
ناشتہ کے بعد خاندان کے متعدد افراد بیمارہوگئے ، آٹا چکی سیل،تحقیقات جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)بستی امیر شاہ میں آٹا استعمال کرنے کے بعد ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کے بیمار ہونے کے واقعے پر پولیس نے آٹا چکی کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ ملزم مبینہ طور پر گھر اور آٹا چکی کو تالے لگا کر فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز بستی امیر شاہ رکھ پتل کے رہائشی محمد ساجد، محمد ماجد، حسنین، شاہد اقبال، حسن جاوید اور دیگر افراد مقامی آٹا چکی سے خریدا گیا آٹا استعمال کرنے کے بعد بچوں اور خواتین سمیت اچانک بیمار ہو گئے ، جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کیا گیا۔تھانہ دائرہ دین پناہ میں سب انسپکٹر بشیر احمد کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق ہسپتال سے اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ افراد نے بستی امیر شاہ کے رہائشی شکیل سامٹیہ کی سولر آٹا چکی سے آٹا خریدا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ موقع پر آٹا چکی اور ملزم کا گھر بند ملا، جبکہ ابتدائی تفتیش میں آٹے میں کسی زہریلے مادے کی ملاوٹ کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس بنیاد پر ملزم شکیل کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments