لودھراں ،سپیشل بچوں میں ہمت کارڈ تقسیم، تقریب کا انعقاد
مستحق خصوصی طلبہ کوہر تین ماہ بعد 10 ہزار 500 روپے ملیں گے ، ڈپٹی کمشنر
لودھراں (سٹی رپورٹر)محکمہ سوشل ویلفیئر و سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام کانجو ہال میں ہمت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سپیشل بچوں میں ہمت کارڈ تقسیم کیے ۔ اس موقع پر عمیر خان بلوچ، ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن عمر شریف، پرنسپل ہدایت فاطمہ، سید مصلح الدین اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ہمت کارڈ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی ویژن کا اہم منصوبہ ہے ، جس کا مقصد خصوصی بچوں کی مالی معاونت اور ان کی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے ہر مستحق خصوصی بچے کو حکومت پنجاب کی جانب سے ہر تین ماہ بعد 10 ہزار 500 روپے دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیمی، طبی اور روزمرہ ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے خصوصی توجہ، شفقت اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں اور یہی بچے مستقبل میں اپنے والدین اور معاشرے کا قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمت کارڈ ان طلبہ و طالبات کو جاری کیے جائیں گے جن کی سکولوں میں حاضری 70 فیصد یا اس سے زیادہ ہوگی۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور عمیر خان بلوچ نے سپیشل طلبہ و طالبات میں ہمت کارڈ تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments