جلالپور میں فہم القرآن کلاس، علماء کے ایمان افروز خطابات
جلال پورپیروالا (نامہ نگار)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جاری 5 روزہ فہم القرآن کلاس کے تیسرے روز علماء کرام نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔نشست کا آغاز مولانا محمد یونس کے مختصر اور جامع درسِ حدیث سے ہوا۔
بعد ازاں ناظم شعبہ فہم دین جنوبی پنجاب جماعت اسلامی مولانا ڈاکٹر انعام اللہ جامعی نے سورۃ الاحزاب کی آیات کی روشنی میں حیا اور پردے کی اہمیت پر خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت، وقار اور تحفظ کا مقام دیا ہے ۔ حیا اور پردہ عورت کے احترام اور معاشرتی پاکیزگی کے لیے اہم اصول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی تعلیمات انسان کو باکردار زندگی گزارنے کا راستہ دکھاتی ہیں۔مولانا ڈاکٹر انعام اللہ جامعی نے کہا کہ خاندان کی مضبوطی اور صالح معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے فہم القرآن کلاس کے انعقاد پر امیر جماعت اسلامی جلال پور عدیل کریم بھٹی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ 5 روزہ فہم القرآن کلاس کے چوتھے روز ہفتہ کو پروفیسر حافظ عبدالصمد طاہر جبکہ آخری روز اتوار کو ضلعی امیر جماعت اسلامی ملتان حافظ محمد اسلم درس قرآن دیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments