پی ایچ اے ،وہاڑی میں آئندہ سال کام شروع کرنیکا فیصلہ

پی ایچ اے ،وہاڑی میں آئندہ سال کام شروع کرنیکا فیصلہ

پارکوں، گرین بیلٹس کی بہتری، شجرکاری سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر زور

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) تسلیم اختر راؤ نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے پارکوں، گرین بیلٹس اور شہری علاقوں کو مزید خوبصورت، سرسبز اور ماحول دوست بنانے کے لیے ضلعی سطح پر پی ایچ اے اتھارٹیز مرحلہ وار کام شروع کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعدد اضلاع میں پی ایچ اے اتھارٹیز اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکی ہیں، جبکہ ضلع وہاڑی میں بھی آئندہ سال پی ایچ اے باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سول سوسائٹی نیٹ ورک کے ڈپٹی کنوینر اصغر علی جاوید، بیکن لائٹس کے سی ای او عاطف چوہدری اور سپیریئر کالج واپڈا ٹاؤن کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رضا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ پنجاب حکومت کا وژن صوبے کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں کو مثالی، سرسبز اور خوبصورت بنانا ہے ۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بورے والا کی سول سوسائٹی نے چھ سال قبل \"سرسبز و شاداب مہم\" شروع کرکے ملک بھر میں سبز پاکستان کا پیغام دیا، جس کے مثبت اثرات اب حکومتی سطح پر بھی نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ماحول کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے قومی جذبے کے ساتھ شجرکاری مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...