کم داخلہ والے 555 سرکاری سکول قریبی تعلیمی اداروں میں ضم

کم داخلہ والے 555 سرکاری سکول قریبی تعلیمی اداروں میں ضم

وسائل کے مؤثر استعمال، بہتر تدریس کیلئے اقدام کا فیصلہ ، تعلیمی حلقوں کے تحفظات

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے کم داخلہ والے 555 سرکاری سکول قریبی تعلیمی اداروں میں ضم (مرج) کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق ایسے سکولوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں طلبہ کی تعداد انتہائی کم ہے اور جنہیں نہ سرکاری سطح پر مؤثر انداز میں چلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے ان کا انتظام ممکن ہے ۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے مطابق اب تک 555 ایسے سرکاری سکولوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن میں کم داخلے کے باعث انہیں الگ ادارے کے طور پر برقرار رکھنا انتظامی اور مالی لحاظ سے مؤثر نہیں رہا۔ ان سکولوں کو قریبی تعلیمی اداروں میں ضم کرنے کا مقصد تعلیمی وسائل کا بہتر استعمال، اساتذہ کی مؤثر تعیناتی اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہے۔

محکمہ کے مطابق حکومت پنجاب تعلیم کے معیار میں بہتری کے لئے سکولوں کی آؤٹ سورسنگ، اساتذہ کی ریشنلائزیشن اور کم داخلہ والے سکولوں کے انضمام سمیت مختلف اصلاحات پر عمل پیرا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ طلبہ کو قریبی سرکاری سکولوں میں منتقل کرکے بہتر اساتذہ، سہولیات اور تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔دوسری جانب تعلیمی حلقوں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں طلبہ، خصوصاً طالبات، کو دوسرے سکول تک طویل فاصلہ طے کرنا پڑ سکتا ہے ، جس سے سکول چھوڑنے کی شرح میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...