سکول ایجوکیشن : 6 روز میں 37 ہزار داخلوں کا ہدف

 سکول ایجوکیشن : 6 روز میں 37 ہزار داخلوں کا ہدف

4اگست تک ہر صورت اہداف حاصل کرنے کا حکم، غفلت کی صورت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اساتذہ کو والدین سے رابطے بڑھانے ،داخلے کی ترغیب کی ہدایت غیرحقیقی ہدف پرسربراہان ادارہ،اساتذہ کو تشویش، بوگس داخلوں کے خدشات، نئے داخل ہونے والے طلبہ کے ب فارمز کی نادرا تصدیق کا فیصلہ،چھٹیوں میں مہم کا جواز نہیں،اساتذہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام سے قبل سرکاری ہائی سکولوں میں داخلہ مہم تیز کرتے ہوئے بڑے شہروں کے سکول سربراہان کو صرف چھ روز میں 37 ہزار نئے طلبہ و طالبات کے داخلوں کا ہدف دے دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ 4 اگست تک ہر صورت مقررہ ہدف مکمل کیا جائے ، جبکہ اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں محکمانہ کارروائی بھی کی جا سکتی ہے ۔ ڈی ای او سیکنڈری نے تمام سکول سربراہان کو روزانہ کم از کم پانچ نئے طلبہ گھر گھر جا کر داخل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ، تاکہ مقررہ مدت میں مطلوبہ تعداد حاصل کی جا سکے ۔ اساتذہ کو والدین سے رابطے بڑھانے اور سرکاری سکولوں میں داخلے کی ترغیب دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب مختصر مدت میں غیر معمولی ہدف مقرر کئے جانے پر تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ داخلوں کے دباؤ کے باعث بعض سکولوں میں بوگس انرولمنٹ کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر نئے داخل ہونے والے طلبہ کے ب فارم کی نادرا سے تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ فرضی یا غیر تصدیق شدہ داخلوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔ادھر پنجاب ٹیچرز یونین نے بھی اس پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران داخلہ مہم چلانے کا کوئی تعلیمی یا انتظامی جواز نہیں۔ یونین کے مطابق غیر حقیقی اہداف سے سکول سربراہان پر غیر ضروری دباؤ بڑھ رہا ہے ، جس سے بوگس داخلوں کے رجحان میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...