وہاڑی میں ایک لاکھ چھبیس ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت

وہاڑی میں ایک لاکھ چھبیس ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت

ڈی جی زراعت کا دورہ، 70 ہزار کاٹن بیلز تیار، فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی ہدایت

وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) کپاس کی پیداوار اور فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چودھری عبدالحمید نے ڈائریکٹر زراعت ہیڈکوارٹر لاہور ڈاکٹر محمد اقبال خان نیازی کے ہمراہ وہاڑی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) وہاڑی رانا محمد عارف کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کی اور کپاس کی کاشت، پیداوار، حکومتی زرعی سکیموں اور کاشتکاروں کو فراہم سہولیات کے بارے میں بریفنگ لی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال ضلع وہاڑی میں ایک لاکھ 26 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت کی گئی، جس میں 80 ہزار ایکڑ پر فروری اور مارچ کے دوران اگیتی کاشت مکمل ہوئی۔ اگیتی کاشت سے 35 سے 40 من جبکہ مارچ میں کاشت کی گئی کپاس سے 25 سے 30 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائیولوجیکل کنٹرول اور آئی پی ایم ماڈل اپنانے سے زرعی زہروں کے استعمال اور سپرے کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ پنجاب کی غلہ منڈیوں میں اس وقت کپاس کی سب سے زیادہ آمد وہاڑی سے ہو رہی ہے ۔ ضلع میں پھٹی کی قیمت 8 ہزار 500 سے 9 ہزار 300 روپے فی من ہے جبکہ 17 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں اور اب تک 70 ہزار کاٹن بیلز تیار ہو چکی ہیں۔بعدازاں ڈی جی زراعت نے گرین ٹریکٹر سکیم، کسان کارڈ اور زرعی گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے ہیلپ ڈیسک کا معائنہ کیا اور اڈاپٹو ریسرچ فارم میں کپاس کے تحقیقی ٹرائلز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...