غیر قانونی آئل کاروبار کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن
متعدد آئل پوائنٹس بند،مقدمات درج، شہریوں نے پولیس کارکردگی سراہا
قصبہ گجرات (نامہ نگار)تھانہ قصبہ گجرات کی حدود میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور آئل کے مبینہ غیر قانونی کاروبار کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ ایس ایچ او عمران خان گوپانگ کی سربراہی میں اسپیشل برانچ اور سکیورٹی برانچ نے گزشتہ دنوں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور کئی مقدمات درج کیے ۔مسلسل کارروائیوں، چھاپوں اور مقدمات کے اندراج کے باعث غیر قانونی طور پر آئل کی خرید و فروخت کرنے والے عناصر اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پولیس کارروائیوں کے بعد کئی مقامات پر غیر قانونی آئل کی خرید و فروخت کا سلسلہ بھی رک گیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ایس ایچ او عمران خان گوپانگ، اسپیشل برانچ اور سکیورٹی برانچ کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی آئل پوائنٹس قانون کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی خطرناک ہیں، کیونکہ آتش گیر مواد کی غیر محفوظ خرید و فروخت کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ علاقے میں قانون کی بالادستی قائم اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments