ویمن یونیورسٹی،آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن نصاب کی نظرثانی ورکشاپ
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن نصاب کی نظرثانی کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ورکشاپ کا مقصد تدریسی معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، نصاب کی مؤثر نظرثانی اور اساتذہ کو جدید تدریسی طریقہ کار سے روشناس کرانا تھا تاکہ طلبہ کے سیکھنے کے نتائج مزید بہتر بنائے جا سکیں۔ورکشاپ میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ارکان نے شرکت کی۔ شرکاء کو آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن کے بنیادی اصولوں، نصاب کی تیاری، تشخیصی نظام اور عالمی سطح پر رائج بہترین تدریسی طریقوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ریسورس پرسن ڈاکٹر صادق حسین نے آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن کے مؤثر نفاذ، نصاب کی نظرثانی، تدریسی حکمت عملیوں اور طلبہ کی صلاحیتوں میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب معیاری اعلیٰ تعلیم اور عالمی سطح پر مسابقتی گریجویٹس کی تیاری کی بنیاد ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان معیاری تعلیم، تحقیق اور تدریسی جدت کے فروغ کے لئے ایچ ای سی کی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے ۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ اور جدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنا یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے تربیتی پروگرام کو مفید قرار دیا۔ ورکشاپ کی آرگنائزر ڈاکٹر مریم زین تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments