بزرگ خاتون کے گھر پر دھاوا، نقدی زیورات چوری کا الزام
پولیس وردی میں اہلکار سمیت افراد پر گھر میں گھسے ، خواتین سے بدتمیزی کی
ملتان (کرائم رپورٹر)محلہ جمال پورہ کی رہائشی بزرگ خاتون نسیم اختر نے اہلخانہ کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 8 اگست کی رات گھر میں اہلخانہ کے ہمراہ سو رہی تھی کہ اچانک گھر کا مین دروازہ زور زور سے بجایا گیا اور باہر موجود افراد نے گالم گلوچ شروع کردی۔خاتون کے مطابق ایک شخص سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوا اور مین گیٹ کا تالا توڑ دیا۔ اس کے بعد ارسلان منیر، اس کی اہلیہ آسیہ گل، پولیس وردی میں ملبوس ایک اے ایس آئی اور 7،8 نامعلوم افراد مبینہ طور پر سریے اور ڈنڈے اٹھائے گھر میں داخل ہوگئے ۔ افراد نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے ۔ انہوں نے ڈرائنگ روم کا دروازہ توڑ کر توڑ پھوڑ کی اور کمروں میں موجود الماریاں کھول کر مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے نقدی اور 5 تولہ طلائی زیورات چوری کرلئے۔
نسیم اختر نے الزام لگایا کہ ملزموں نے گھر میں داخل ہونے سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ بھی موڑ دیا۔ شور سن کر اہل محلہ جمع ہوگئے ۔ خاتون کے مطابق ملزموں نے خواتین سے بدتمیزی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ اس کے شوہر میاں اشفاق نے ارسلان منیر کو منع کیا تو مبینہ طور پر اسے دھکا دیا گیا، جس سے طبیعت خراب ہوگئی اور اسے رات بھر ہسپتال میں رہنا پڑا۔خاتون کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس کے پہنچنے سے قبل ملزم فرار ہوگئے ۔ دولت گیٹ پولیس کو مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست بھی دے دی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments