نیب اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا بدعنوانی کے خاتمے پر اتفاق
سرکاری محکموں میں آگاہی سیمینارز، تربیتی سیشنز ، مہمات چلانے کا فیصلہ
ملتان (کرائم رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان کے ڈائریکٹر عبدالخالق کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں بدعنوانی کے خاتمے ، شفافیت کے فروغ اور سرکاری اداروں میں احتساب کا نظام مزید مؤثر بنانے کے لئے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کے تمام محکموں میں انسداد بدعنوانی کے حوالے سے باقاعدگی سے آگاہی سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جائیں گے ، تاکہ سرکاری ملازمین میں احتساب، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور اخلاقی اقدار کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے دوران جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں انسداد بدعنوانی سے متعلق خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لئے نیب ملتان کی کاوشوں کو سراہا اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ و متعلقہ سرکاری محکموں کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے اختتام پر نیب اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے درمیان سرکاری املاک کے تحفظ سمیت دیگر امور میں تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments