گھنٹہ گھر چوک میں بم کی افواہ، سکیورٹی اداروں کی سرچنگ
تمام راستے بند کرکے سرچ آپریشن، مشتبہ چیز نہ ملنے پر علاقے کو کلیئر قرار دیا
ملتان (کرائم رپورٹر) گھنٹہ گھر چوک میں بم کی موجودگی کی افواہ پر سکیورٹی اداروں کی دوڑیں لگ گئیں، پولیس نے اطلاع ملنے پر چوک کے اطراف کے تمام راستے بند کرکے سرچنگ کا عمل شروع کردیا۔ تفصیل کے مطابق پولیس کو نامعلوم کالر کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ گھنٹہ گھر چوک میں بم موجود ہے ، جس پر پولیس، حساس اداروں اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔سکیورٹی اداروں نے گھنٹہ گھر چوک کے اطراف تمام راستوں کو آمدورفت کے لئے بند کرکے مکمل سرچنگ کی۔ مختلف مقامات اور اطراف کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی، تاہم سرچنگ کے دوران کوئی مشتبہ چیز یا بم برآمد نہ ہوا۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو کلیئر قرار دیتے ہوئے بند کئے گئے تمام راستے ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت کے لئے بحال کردیئے ۔پولیس حکام کے مطابق بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی، تاہم نامعلوم کالر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کا سراغ لگانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments