تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام شفاف بنانے کیلئے اصلاحات
پرچوں کی مشکل سطح یکساں، امتحان کے بعد طلبہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائیگا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو شفاف اور یکساں بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اصلاحات کا مقصد پرچوں کے معیار میں یکسانیت، امتحانی نظام سے عدم مساوات کا خاتمہ اور طلبہ کی کارکردگی کا غیرجانبدارانہ جائزہ لینا ہے ۔ذرائع کے مطابق ماضی میں مختلف تعلیمی بورڈز کے پرچوں کی مشکل سطح میں فرق کے باعث طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم اب تمام بورڈز میں امتحانی پرچوں کا معیار اور مشکل کی سطح یکساں رکھنے کی تجویز ہے ۔ اس کے ساتھ طلبہ کی مضمون وار کارکردگی کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔نئے منصوبے کے تحت امتحانات کے بعد پہلی بار ‘‘ایگزامینرز رپورٹس’’ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ، جس کے ذریعے ہر مضمون میں طلبہ کی کارکردگی اور کمزوریوں کا تفصیلی تجزیہ کیا جا سکے گا۔ امتحانی مراکز پر شفافیت یقینی بنانے اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے بڑے سرکاری اداروں کے ہالز میں امتحانی مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔پرچوں کی مارکنگ کا معیار بہتر بنانے کیلئے سہولیات میں اضافہ، مارکنگ سکیم پر نظرثانی اور پیپر چیکرز و سپر چیکرز کی جدید تربیت کا انتظام کیا جائے گا۔ تمام بورڈز میں پیپر چیکرز کا معاوضہ بھی یکساں کرنے اور مارکنگ مکمل ہوتے ہی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج کا شیڈول بھی ازسرنو مرتب کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اصلاحات کا مقصد بوٹی مافیا کا خاتمہ اور امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments