واسا:سیور مینوں کی حفاظت کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

واسا:سیور مینوں کی حفاظت کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

شکایات فوری نمٹانے ، سیوریج آپریشنز میں حفاظتی ایس او پیزلازمی قرار

ملتان (وقائع نگار خصوصی)منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے کہا ہے کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسیٔ آب کی بہترین اور بروقت سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ شہری شکایات کے فوری ازالے ، فیلڈ آپریشنز میں بہتری اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران ملازمین کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے ۔انہوں نے واسا ہیڈ آفس شمس آباد میں اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ اپنی حدود میں شہری شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ 1334 ہیلپ لائن پر درج ہر شکایت کو مقررہ مدت میں حل کرنے کے ساتھ مؤثر مانیٹرنگ بھی کی جائے ۔ شکایت کے ازالے سے قبل اور بعد کی تصاویر لازمی طور پر ڈیٹا پر اپ لوڈ کی جائیں تاکہ فیلڈ میں ہونے والے کام کی شفاف نگرانی اور تصدیق ممکن ہو۔فیصل شوکت نے کہا کہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی، سستی، غفلت اور غیرسنجیدگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسر اس امر کو یقینی بنائیں کہ ایک ہی نوعیت کی شکایت دوبارہ موصول نہ ہو اور شہریوں کو مستقل ریلیف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ، مین ہولز کی صفائی اور اندر داخل ہوکر کام کرنے والے سیور مینوں کیلئے تمام ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ سب سے اہم ہے ۔ سیور مینوں کو کام شروع کرنے سے قبل مکمل حفاظتی آلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...