موٹر سائیکل رکشہ ڈیوائیڈر سے ٹکرا نے سے 1شخص جاں بحق
رکشہ سوار خانیوال جارہے تھے حادثہ پیش آگیا، جمیل چل بسا، ایک خاتون زخمی
جہانیاں (نمائندہ دنیا)نواحی گاؤں چک نمبر 138 دس آر کے قریب موٹر سائیکل رکشہ بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں 45 سالہ شخص جاں بحق جبکہ 52 سالہ خاتون زخمی ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل رکشہ سوار خانیوال جارہے تھے ۔تفصیل کے مطابق چک نمبر 138 دس آر کا رہائشی محمد جمیل ولد رحیم بخش اپنے موٹر سائیکل رکشہ پر خانیوال جارہا تھا۔ راستے میں رکشہ بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے جاٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں رکشہ سوار 45 سالہ محمد جمیل کے سر پر شدید چوٹ آئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔حادثے میں رکشہ میں سوار 52 سالہ عذرا پروین زوجہ مقبول حسین بھی زخمی ہوگئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعدازاں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق شخص کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی۔حادثے کے باعث موقع پر کچھ دیر کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ حادثے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مقامی افراد نے ڈرائیورز سے اپیل کی کہ سفر کے دوران رفتار قابو میں رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments