ماڈل سکول میں بیک ٹو سکول تقریب، بچوں میں کتابیں تقسیم
معیاری تعلیم اور بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ،غلام مرتضیٰ
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول وہاڑی میں ’’بیک ٹو سکول‘‘ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز غلام مرتضیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات کے نئے داخلے کیے گئے جبکہ بچوں میں کتابیں، سکول بیگز اور چاکلیٹس تقسیم کی گئیں۔ ننھی طالبات نے ’’بیک ٹو سکول‘‘ کے موضوع پر خوبصورت ٹیبلو پیش کرکے شرکا سے داد وصول کی۔غلام مرتضیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کی فراہمی اور بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول دینے کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے ۔ والدین اپنے بچوں کو باقاعدگی سے سکول بھیجیں جبکہ طلبہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں۔سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق داخلہ مہم جاری ہے ۔ حکومت کی ترجیح ہر بچے کو سکول لانا اور اسے معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے ، اس لیے والدین اور اساتذہ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ تقریب کے اختتام پر بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments