ذخیرہ اندوزی، گودام سے 1400من گندم برآمد
ٹرک میں بھوسے کے درمیان گندم چھپا کر سمگل کی جارہی تھی، مقدمہ درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)چک نمبر 617 ٹی ڈی اے میں گندم کی مبینہ ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گودام سے 1400 من گندم برآمد کرلی گئی۔ فوڈ انسپکٹر کوٹ ادو مہر محمد عمیر کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیل کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید کے علاقے چک نمبر 617 ٹی ڈی اے میں اسلم نامی شخص کے گودام پر کارروائی کی گئی۔ فوڈ انسپکٹر کے مطابق گودام میں 1400 من گندم ذخیرہ کی گئی تھی، جبکہ گندم کی بھرائی کے لیے خالی تھیلے بھی موجود تھے ۔معائنے کے دوران گندم سے لدا ٹرک بھی موجود پایا گیا۔ ٹرک کے چاروں اطراف بھوسہ جبکہ درمیان میں گندم لوڈ کی گئی تھی۔ ٹرک میں گولڈن گندم، عرفان گنڈاس اور جدید گندم پروسیسنگ پلانٹ ایم ایم روڈ رحمت آباد، لیہ کے تھیلے بھی موجود تھے ۔فوڈ انسپکٹر کے مطابق ملزم نے حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منافع خوری اور گندم کی مبینہ سمگلنگ کے لیے ذخیرہ کر رکھی تھی۔ کارروائی کے بعد گندم قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments