کورنگی میں تعمیر کیے گئے لانڈھی فلائی اوور کا افتتاح
515میٹر طویل فلائی اوور پر 74 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی عوام کی خدمت حکومت کی ذمہ داری ہے ، ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب کا خطاب
کراچی (آئی این پی) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کورنگی نمبر 5 کے 12 ہزار روڈ پر تعمیر کیے گئے کورنگی لانڈھی فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔ 515 میٹر طویل فلائی اوور کی تکمیل سے کورنگی، لانڈھی اور ملحقہ صنعتی علاقوں کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہونے اور شہریوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے ۔ منصوبے پر 74 کروڑ 66 لاکھ 28 ہزار روپے لاگت آئی ہے جبکہ اگست 2026 تک منصوبے کا فزیکل ورک 100 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کی خدمت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورنگی اور لانڈھی کے دونوں صنعتی علاقوں کیلئے مجموعی طور پر 4 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، جن میں دونوں علاقوں کیلئے 2،2 ارب روپے شامل ہیں۔ اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی وہ ضلع ہے جہاں ماضی میں متحدہ قومی موومنٹ کا سیاسی اثر و رسوخ رہا، تاہم آج اسی علاقے میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں۔ کورنگی اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں میں 4 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں، دونوں صنعتی علاقوں کیلئے 2،2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے صنعتی انفرااسٹرکچر میں بہتری آئے گی اور کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments