سی ٹی ڈی میں بھرتی کے امیدوار کی درخواست مسترد

سی ٹی ڈی میں بھرتی کے امیدوار کی درخواست مسترد

قانون میں مقررہ نمبر کم کرنے یا راؤنڈ آف کرنے کی گنجائش نہیں، عدالت بدنیتی ثابت ہونے تک عدالت انٹرویو بورڈ کی رائے تبدیل نہیں کرسکتی،ریمارکس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سی ٹی ڈی میں بھرتی کے امیدوار نعیم حسین شاہ کی مقررہ بھرتی معیار میں نرمی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ قانون میں مقررہ نمبروں کو کم کرنے یا راؤنڈ آف کرنے کی گنجائش نہیں، عدالت کسی ایک امیدوار کے لیے معیار کم یا ختم کرکے دیگر امیدواروں کے حقوق متاثر نہیں کرسکتی۔ سندھ ہائیکورٹ میں سی ٹی ڈی میں بھرتی کے امیدوار نعیم حسین شاہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نعیم حسین شاہ نے 2017 میں تحریری امتحان اور جسمانی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیے تھے ، تاہم اسے انٹرویو میں صرف آدھے نمبر سے ناکام قرار دیا گیا۔ پولیس حکام اور سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ امیدوار انٹرویو میں مقررہ کم از کم نمبر حاصل نہیں کرسکا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت کسی امیدوار کے حق میں بھرتی کے مقررہ معیار کو کم یا ختم نہیں کرسکتی۔ قانونی دائرہ اختیار کو کسی نئے قانونی حق کے قیام کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ریکارڈ پر بدنیتی ثابت ہونے تک عدالت انٹرویو بورڈ کی رائے کو تبدیل نہیں کرسکتی۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ دیگر امیدواروں کے کم نمبر کے باوجود کامیاب ہونے کا معاملہ درخواست گزار کو نصف نمبر کی رعایت دینے کی بنیاد نہیں بن سکتا۔ عدالت نے اس امر کو بھی مدنظر رکھا کہ بھرتی کا عمل 2016 میں ہوا تھا جبکہ درخواست تقریباً نو سال بعد دائر کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...