کاغذی اور روایتی طریقے ختم محکمہ صحت کا ملازمین کی چھٹیوں کا نظام آن لائن کرنے کا فیصلہ

 کاغذی اور روایتی طریقے ختم محکمہ صحت کا ملازمین کی چھٹیوں کا نظام آن لائن کرنے کا فیصلہ

گریڈ 16 سے 20 تک کے تمام افسران اور ملازمین کے لیے ہر قسم کی چھٹی کی درخواست صرف ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوگا

کراچی(این این آئی)محکمہ صحت نے افسران و ملازمین کے لیے چھٹیوں کے نظام کو آن لائن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاغذی اور روایتی طریقے سے چھٹی کی درخواستیں جمع کرانے کا نظام ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 31 اگست 2026 سے بی پی ایس 16 سے بی پی ایس 20 تک کے تمام افسران اور ملازمین کے لیے ہر قسم کی چھٹی کی درخواست صرف ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HRMIS) پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوگا۔احکامات کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کاغذ پر یا روایتی طریقے سے جمع کرائی جانے والی چھٹی کی درخواست قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ ملازمین کو چھٹی پر جانے سے قبل HRMIS پورٹل پر درخواست جمع کرانے کے ساتھ اس کی منظوری بھی حاصل کرنا ہوگی۔

محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ HRMIS پر چھٹی کی درخواست جمع اور منظور کرائے بغیر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازم کی غیر حاضری غیر قانونی تصور کی جائے گی جبکہ HRMIS کے علاوہ کسی دوسرے طریقے سے چھٹی حاصل کرنے کی کوشش پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔تمام سیکشن افسران کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھٹیوں کی درخواستوں پر کارروائی صرف HRMIS پورٹل کے ذریعے کریں اور نئے نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پورٹل یا آن لائن چھٹی کی درخواست جمع کرانے میں کسی قسم کی دشواری کی صورت میں فوکل پرسن ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق، چیف ٹیکنیکل آفیسر (بی پی ایس 19) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...