راستے کا تنازع ،رشتہ داروں کا تشدد،بہن جاں بحق، تین زخمی
بھائیوں کو بچانے کی کوشش پر منہ ناک بند کر کے نسرین کا سانس بند کردیا
جلال پورپیروالا (نامہ نگار)موضع ابوسعید میں رقبے اور راستے کے تنازع پر رشتہ داروں کے مبینہ تشدد سے 3 بھائی زخمی جبکہ ان کی بہن جاں بحق ہوگئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے متعدد ملزمان کو حراست میں لے لیا۔تفصیل کے مطابق محمد جاوید، محبوب عالم اور محمد یعقوب اپنی ہمشیرہ نسرین بی بی کے ہمراہ چاہ لدھے والا سے گھر واپس آرہے تھے کہ راستے میں اسلم، اکرم، امین، اعجاز، مدثر اور دیگر ساتھیوں نے انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ بہن نسرین بی بی نے بھائیوں کو بچانے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر اسلم نے اس کا منہ اور ناک بند کردیا، جس سے سانس رکنے کے باعث وہ جاں بحق ہوگئی جبکہ تینوں بھائی زخمی ہوگئے ۔اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی محمد رمضان شاہد اور ایس ایچ او سٹی شاہد ہراج پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے متعدد ملزمان کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments