ریونیو بورڈ: آن لائن مقدمات رجسٹریشن میں توسیع

ریونیو بورڈ: آن لائن مقدمات رجسٹریشن میں توسیع

مینوئل فائلنگ ،ڈیجیٹل نظام 15ستمبر تک جاری ، لینڈ ایکٹ ترمیم کی روشنی میں ریونیو مقدمات کے نظام کومزید موثر بنایا جارہا ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مقدمات کی کارروائی ، سائلین مقدمات مقررہ وقت پر آن لائن رجسٹر کراکر فائدہ اٹھا سکتے ہیں،حکام

ملتان (کورٹ رپورٹر)بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سائلین، کسانوں اور وکلا کی سہولت کیلئے ریونیو کورٹس میں مقدمات کی آن لائن دائرگی کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کردیا۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق مینوئل فائلنگ اور ڈیجیٹل نظام 15 ستمبر 2026 تک متوازی طور پر جاری رہیں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 میں حالیہ ترامیم کی روشنی میں ریونیو مقدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔ آن لائن نظام کے ذریعے مقدمات کی رجسٹریشن سے کارروائی میں شفافیت، تیزی اور ریکارڈ کی درستگی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ریونیو افسر اور ریونیو کورٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مقدمات کی کارروائی اور فیصلوں کو یقینی بنایا جائے ۔ سائلین اپنے مقدمات مقررہ وقت پر آن لائن رجسٹر کراکے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں شکایات کے ازالے کیلئے کمپلینٹ سیل قائم کرنے اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے رابطہ رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کا مؤثر نظام بھی تشکیل دیا گیا ہے ۔سائلین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے خصوصی کمپلینٹ سیل فعال کردیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریونیو اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلعی فیلڈ فارمیشن کے ساتھ رابطہ برقرار رکھتے ہوئے شکایات اور مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...