خان گڑھ میں سیوریج کا پانی جمع، آمدورفت میں مشکلات
میونسپل کمیٹی کی مبینہ غفلت ، گلی میں گندا پانی، نمازیوں کو بھی پریشانی
خان گڑھ (نامہ نگار)میونسپل کمیٹی خان گڑھ کی مبینہ ناقص کارکردگی کے باعث ڈاکخانے کے سامنے مین گلی، نمرا مسجد اور گودام کے قریب گندی نالی اور سیوریج کا پانی عرصہ دراز سے جمع ہے ، جس سے اہل علاقہ، راہگیروں اور مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق گلی میں مسلسل گندا پانی کھڑا رہنے سے بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے جبکہ مچھروں کی بہتات کے باعث بھی شہری پریشان ہیں۔ پانی جمع ہونے سے آمدورفت بھی دشوار ہوچکی ہے ۔ شہریوں کا الزام ہے کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
شہریوں کے مطابق قریب قائم ایک میرج کلب کا پانی بھی مبینہ طور پر اسی نالی میں چھوڑے جانے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے ۔ گندا پانی سڑک پر جمع رہنے سے مسجد آنے والے نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کا فوری نوٹس لے کر سیوریج کا پانی نکلوایا جائے ، نالی کی صفائی اور مستقل نکاسی کا انتظام کیا جائے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے موقع کا معائنہ کرکے ذمہ دار ادارے کو مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments