ڈی جی ایف ڈی اے کی سیکرٹری بورڈ آف ریونیو سے ملاقات
مہر شفقت اللہ کا صدارتی ایوارڈ کیلئے انتخاب اہلِ فیصل آباد کیلئے باعثِ فخر : آصف چودھری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چودھری نے علم و ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لیے منتخب ہونے والے سیکرٹری بورڈ آف ریونیو پنجاب مہر شفقت اللہ مشتاق سے ملاقات کی اور انہیں اعلیٰ قومی اعزاز کے لیے انتخاب پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے تہنیتی گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، پولیس آفیسر رانا زاہد، ڈین فیکلٹی آف ہسٹری گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد مہر عبدالقادر مشتاق، ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
محمد آصف چودھری نے مہر شفقت اللہ مشتاق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ علم و ادب کے شعبے میں ان کی طویل عرصے پر محیط گراں قدر خدمات، مؤثر و پرتاثیر شاعری، علمی و ادبی کاوشیں، تحقیقی خدمات اور مطالعہ و تحقیق کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد قابلِ تحسین ہے ۔ ان خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لیے منتخب کیا جانا نہ صرف ان کے لیے بڑا اعزاز ہے بلکہ فیصل آباد کے علمی و ادبی حلقوں اور ملک بھر کے اہلِ علم و قلم کے لیے بھی باعثِ فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہر شفقت اللہ مشتاق ایک صاحبِ مطالعہ، صاحبِ فکر اور صاحبِ قلم شخصیت ہیں، جنہوں نے سرکاری ذمہ داریوں میں اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں، دیانت داری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ علم و ادب سے اپنی دیرینہ وابستگی کو بھی بھرپور انداز میں برقرار رکھا۔ ان کی شخصیت میں انتظامی بصیرت اور علمی و ادبی ذوق کا حسین امتزاج نمایاں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments