پاسپورٹ آفس کے باہر پولیس کا چھاپہ، 3مبینہ ایجنٹ گرفتار

پاسپورٹ آفس کے باہر پولیس کا چھاپہ، 3مبینہ ایجنٹ گرفتار

عوامی شکایات پر کارروائی، 3مشتبہ افراد فرار، گرفتار افراد سے تفتیش شروع

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)پاسپورٹ آفس کے باہر مبینہ ٹاؤٹ مافیا کی سرگرمیوں اور شہریوں کی شکایات پر سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ پاسپورٹ ایجنٹ گرفتار کرلیے ، جبکہ 3 دیگر مشتبہ افراد موقع سے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے گرفتار افراد سے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ آفس کے باہر مبینہ ٹاؤٹوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے پر سٹی پولیس نے اچانک کارروائی کی۔ پولیس نے پاسپورٹ آفس کے اطراف گھیرا ڈال کر مشتبہ افراد کی چیکنگ شروع کردی۔ذرائع کے مطابق پولیس کارروائی کی اطلاع ملتے ہی وہاں موجود مبینہ ٹاؤٹوں میں کھلبلی مچ گئی اور بعض افراد نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ کارروائی کے دوران پولیس نے 3 مبینہ پاسپورٹ ایجنٹوں کو حراست میں لے لیا جبکہ 3 دیگر افراد فرار ہوگئے ، جن کی تلاش جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے آنے والے سادہ لوح افراد کو بعض عناصر مبینہ طور پر فوری کام کروانے اور دیگر سہولیات کے نام پر اپنے جال میں پھنساتے ہیں، جس کے باعث انہیں اضافی اخراجات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مبینہ ٹاؤٹوں کے منظم گروہ اور ان کے دیگر افراد سے روابط کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔شہریوں نے پولیس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پاسپورٹ آفس کے باہر مبینہ ٹاؤٹ مافیا کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی کی جائے تاکہ شہری بغیر اضافی رقم اور غیرضروری پریشانی کے اپنا قانونی کام کراسکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...