سرکاری اساتذہ کا سکولوں پر عدم اعتماد، بچے نجی اداروں میں داخل
والدین کو سرکاری سکول کے بجائے نجی اداروں میں داخلے کا مشورہ دینے کا الزام
وہاڑی،گگو منڈی (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار)سرکاری سکولوں کے بعض اساتذہ کی جانب سے اپنے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کا معاملہ شہریوں کے درمیان بحث کا موضوع بن گیا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گگو منڈی سمیت بعض سرکاری اداروں کے اساتذہ اپنے بچوں کو نجی سکولوں میں تعلیم دلا رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول میں بچوں کے داخلے کے لیے آنے والے بعض والدین کو بہتر اور معیاری تعلیم کا حوالہ دے کر نجی سکولوں میں بچوں کو داخل کرانے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ اگر سرکاری سکولوں کے اساتذہ خود اپنے بچوں کے لیے نجی اداروں کو ترجیح دیں گے تو سرکاری تعلیمی نظام پر والدین کا اعتماد کیسے بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری سکولوں کی بہتری کے لیے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے ، اس کے باوجود اساتذہ کا اپنے اداروں پر اعتماد نہ کرنا قابل غور معاملہ ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ معاشرے میں تعلیم کے سفیر ہیں، انہیں اپنے عمل سے بھی سرکاری اداروں پر اعتماد کا اظہار کرنا چاہیے ۔شہریوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور داخلہ مہم کے دوران والدین کو نجی سکولوں میں بچوں کے داخلے کا مشورہ دینے کی شکایات کا جائزہ لے کر ذمہ دار افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments