وہاڑی، میلسی ،بوریوالا ،روڈ منصوبوں پر اہم پیش رفت
پی سی ون منظوری کیلئے پلاننگ بورڈ کو بھجوا دئیے گئے ،نعیم اختر بھابھہ
میلسی (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 235 سمیت ضلع وہاڑی کی اہم سڑکوں کے منصوبوں پر پیش رفت ہوئی ہے ۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب نے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کے اصل اور نظرثانی شدہ پی سی ون پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو آئندہ اجلاس میں غور اور فیصلے کے لیے بھجوا دیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ADP-1174 کے تحت وہاڑی، میلسی روڈ کی بحالی و بہتری کا منصوبہ شامل ہے ، جس کی مجموعی لمبائی 39 کلومیٹر ہے ۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ ضلع وہاڑی میں تجویز کیا گیا ہے ۔ اسی طرح ADP-1175 کے تحت ٹبہ سلطان پور، میلسی روڈ کی بحالی و بہتری کا منصوبہ شامل ہے ، جس کی لمبائی 30.20 کلومیٹر ہے اور اس کا فیز ون بھی تجویز کیا گیا ہے ۔مراسلے میں ADP-1176 کے تحت بورے والا، گگو منڈی روڈ کی بہتری کا منصوبہ بھی شامل ہے ، جس کی لمبائی تقریباً 14.70 کلومیٹر ہے ۔نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے میلسی اور ضلع وہاڑی کے مختلف علاقوں میں سفری سہولیات بہتر ہوں گی، عوام کو آمدورفت میں آسانی ملے گی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی منظوری اور عملی کام کے آغاز کے لیے کوششیں جاری ہیں اور امید ہے کہ پی اینڈ ڈی بورڈ سے منظوری کے بعد تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments