خودکشی کا رجحان روکنے کیلئے آگاہی ناگزیر،اشرف بھٹہ

خودکشی کا رجحان روکنے کیلئے آگاہی ناگزیر،اشرف بھٹہ

خاموشی کے بجائے بات چیت، مایوسی کے بجائے امید کو فروغ دیا جائے

ملتان(لیڈی رپورٹر)خودکشی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رہنما ملک اشرف اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ خودکشی ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لئے معاشرے میں آگاہی، ہمدردی اور بروقت مدد کے کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال 2003ء میں قائم ہونے والے اس عالمی دن کا مقصد خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور لوگوں کو ذہنی دباؤ، مایوسی اور مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کی مدد کے لئے متحرک کرنا ہے ۔ملک اشرف اقبال بھٹہ نے کہا کہ 2024ء تا 2026ء کے لیے عالمی تھیم خودکشی کے بارے میں بیانیہ تبدیل کرنا مقرر کیا گیا ہے ، جس کا بنیادی پیغام ہے کہ خاموشی کے بجائے بات چیت، تنقید کے بجائے ہمدردی اور مایوسی کے بجائے امید کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اردگرد موجود ایسے افراد پر توجہ دینی چاہیے جو تنہائی، شدید ذہنی دباؤ یا ناامیدی کا شکار ہوں۔ ان کی بات سننا، انہیں تنہا نہ چھوڑنا اور ضرورت پڑنے پر ماہرین سے مدد دلوانا ایک انسانی اور اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ملک اشرف اقبال بھٹہ نے مزید کہا کہ خودکشی کی روک تھام صرف ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ خاندان، تعلیمی اداروں، میڈیا، سماجی تنظیموں اور پوری کمیونٹی کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ زندگی قیمتی ہے ، ہر مشکل کا حل موجود ہے ، اور مدد مانگنا کمزوری نہیں بلکہ ہمت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...