وزیراعلیٰ دورہ پر تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے ، پی پی رہنما
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ عمران، پی پی 218 کے صدر ملک افتخار علی، جنرل سیکرٹری ملک رمضان کمبوہ، نائب صدر نذیر کاٹھیا اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی طاہر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
مہنگائی اور بے روزگاری سے پہلے ہی عوام مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ ملتان کے باعث شجاع آباد روڈ کے تاجروں اور ریڑھی بانوں کیلئے مزید مشکلات پیدا کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے 15 ستمبر کو ملتان دورے کے پیش نظر گزشتہ کئی روز سے ڈبل پھاٹک چوک سمیت شجاع آباد روڈ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی اقدامات کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ ان کے مطابق تاجر برادری اور ریڑھی بانوں کو کاروبار کرنے سے روکا جارہا ہے ، جبکہ شجاع آباد روڈ کے اطراف رہائش پذیر شہری بھی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔پیپلزپارٹی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث پہلے ہی غریب طبقہ شدید پریشان ہے ، اسے مزید مشکلات میں مبتلا نہ کیا جائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ کے پروٹوکول اور سکیورٹی کے نام پر چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کا کاروبار بند کرایا گیا ہے ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ریڑھی بانوں اور چھوٹے تاجروں کو کاروبار سے روکنے کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے اور گزشتہ چار، پانچ روز کے دوران ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کو غریب طبقے کو بلاوجہ پریشان نہ کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments