نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ، خالد جاوید وڑائچ

نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ، خالد جاوید وڑائچ

ملتان (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے موجودہ نظام کو فرسودہ قرار دینا اس بات کی نشاندہی ہے کہ ملک میں انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے ۔

 نئے صوبوں کا قیام خصوصاً پنجاب کی انتظامی تقسیم وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر بحث شروع ہوچکی ہے تو اسے صرف بیانات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر قومی اسمبلی سے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم منظور ہوسکتی ہیں تو عوام کو بہتر انتظامی سہولیات اور مسائل کے حل کیلئے نئے صوبوں کے قیام کی آئینی ترمیم بھی ہونی چاہیے ۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور بہتر ہوں گے ، مقامی وسائل مقامی ترقی پر خرچ ہوسکیں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ ملکی آمدنی کا بڑا حصہ حکومتی اخراجات اور دیگر مدات میں خرچ ہونے کے بجائے عوامی سہولیات پر صرف ہونا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے اپنے وسائل اور انتظامی ڈھانچے ہوں گے ، جس سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکمران جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کیلئے عملی اقدامات نہیں کررہیں اور معاملے کو بیانات تک محدود رکھا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت نئے صوبوں کی مخالفت کرتی ہے تو وہ عوام کو بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنے کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...