ویمن چیمبرز کا ملتان چیمبر دورہ، خواتین کی کاروباری ترقی پر اتفاق
ویمن چیمبرز کا ملتان چیمبر دورہ، خواتین کی کاروباری ترقی پر اتفاقانٹرپرینیورز کو تربیت اور مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ
ملتان(لیڈی رپورٹر) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خانیوال کی قیادت نے مشترکہ طور پر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور نو منتخب صدر ڈاکٹر شفیق خان پتافی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔ وفد میں ویمن چیمبر ملتان کی صدر ثمینہ وقار، ایگزیکٹو ممبر سمیرا عبدالرحمن، سیکرٹری جنرل سعید الطاف آغا، ویمن چیمبر خانیوال کی صدر فلزہ ممتاز، سابق صدر سعدیہ علی اور نائب صدر حنا سلمان شامل تھیں، جبکہ ملتان چیمبر کے صدر ڈاکٹر شفیق خان پتافی، نائب صدر عبدالوہاب شیخ، گروپ لیڈر فرینڈز آف ملتان میاں فیصل مختار، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شیخ عمیر سعید، مسز فرزین غزل، مس افراء اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں تینوں چیمبرز کے درمیان باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے ، خواتین کی کاروباری ترقی، نئے کاروباری مواقع کی فراہمی، تربیت اور خواتین انٹرپرینیورز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ویمن چیمبرز کی قیادت نے خواتین کو کاروباری میدان میں آگے لانے کے لیے مشترکہ پروگرامز اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر شفیق خان پتافی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے چیمبرز کو متحد ہوکر خطے کی معاشی و کاروباری ترقی میں مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ویمن چیمبرز کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروباری ترقی کے لیے ملتان چیمبر ہر ممکن تعاون کرے گا۔ ملاقات کے اختتام پر مشترکہ پروگرامز کے انعقاد اور جنوبی پنجاب کی کاروباری برادری کی ترقی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments