پاکستان کیساتھ تجارت کے کثیرمواقع:ہائی کمشنر بنگلہ دیش
براہ راست بحری رابطوں، تجارتی وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تجارت بڑھائی جا سکتی
ملتان (لیڈی رپورٹر)بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی، صنعتی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ براہ راست بحری رابطوں، تجارتی وفود کے تبادلوں اور مشترکہ سرمایہ کاری سے دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت ملتان (ایم سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر کیا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ ٹیکسٹائل، زراعت، لائیو اسٹاک، صحت، سیاحت، سرجیکل آلات اور کھیلوں کے سامان سمیت مختلف شعبوں میں تجارت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے ۔ چٹاگانگ اور کراچی کے درمیان براہ راست بحری رابطوں سے سامان کی ترسیل آسان، وقت کی بچت اور کاروباری اخراجات میں کمی ممکن ہے ۔ پاکستانی صنعتی مصنوعات اور زرعی اجناس کو بنگلہ دیشی منڈی میں متعارف کرانے کے لئے معیار، مسابقتی قیمتوں اور مؤثر تجارتی روابط پر توجہ دینا ہوگی۔صدر ایوان ڈاکٹر شفیق خان پتافی نے کہا کہ جنوبی پنجاب زراعت، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے ۔ آم، کپاس، ترشاوہ پھلوں اور دیگر زرعی اجناس کے باعث یہ خطہ بنگلہ دیشی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری ملاقاتوں، تجارتی نمائشوں اور مشترکہ منصوبوں سے اقتصادی تعاون کو وسعت دی جا سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments