درستی کتب کی قلت کا مسئلہ حل،پرنسپلز ویئر ہائوس طلب
نرسری کی ریاضی، اردو، جماعت دوم ،سوم کی کتب فراہمی کی یقین دہانی
ملتان (خصوصی رپورٹر) تحصیل ویئر ہاؤس میں مختلف جماعتوں کی درسی کتب دستیاب، سربراہان سکولوں کو طلب کے مطابق کتابیں وصول کرنے کی ہدایت تفصیل کے مطابق تحصیل ویئر ہاؤس میں مختلف جماعتوں کی درسی کتب دستیاب ہونے پر تمام پرنسپلز، سینئر ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ ماسٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سکولوں کی طلب کے مطابق کتابیں مقررہ طریقہ کار کے تحت وصول کرلیں۔ اس سلسلے میں جاری اطلاع کے مطابق تحصیل ویئر ہاؤس پیر سے جمعہ تک صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک کھلا رہے گا، جہاں متعلقہ سکولوں کے سربراہان اپنی ضرورت کے مطابق درسی کتب حاصل کرسکیں گے ۔ذرائع کے مطابق ویئر ہاؤس میں اس وقت نرسری کی ریاضی اور اردو کی کتابیں دستیاب ہیں، جبکہ جماعت دوم اے ، جماعت سوم اے اور جماعت سوم بی کی کتب بھی موجود ہیں۔ اسی طرح جماعت ششم کمپیوٹر، جماعت ہفتم کمپیوٹر اور جماعت ہشتم کمپیوٹر کی کتابیں بھی دستیاب کرائی گئی ہیں۔اس کے علاوہ جماعت ہشتم سیٹ، جماعت نہم اے ، نہم بی، نہم ای، نہم جی اور نہم ایچ کی کتب بھی ویئر ہاؤس میں موجود ہیں۔ جماعت نہم کمپیوٹر، دہم سی اُم اور دہم ایچ کی کتابیں بھی دستیاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے ۔تمام سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سکول کی حقیقی ضرورت اور طلب کے مطابق کتابیں وصول کریں اور ڈی تھری فارم کے مطابق ہی درسی کتب حاصل کی جائیں۔ متعلقہ حکام نے سکول سربراہان سے کہا ہے کہ وہ ویئر ہاؤس کے مقررہ اوقات کے دوران کتابوں کے حصول کے لئے ضروری کارروائی مکمل کریں تاکہ طلبہ کو درسی کتب کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments