میپکو صارفین کے زیرالتوا کیسز نمٹائے جائیں،نوید بلوچ
صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ،گفتگو
ملتان (خصوصی رپورٹر)وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد سے ملاقات کی، جس میں وفاقی محتسب کے فورم پر زیرِ سماعت میپکو سے متعلق کیسز، صارفین کی شکایات کے ازالے اور ادارے کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے میپکو کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کی شکایات اور زیرِ التوا کیسز کو مقررہ مدت میں میرٹ پر نمٹانا قابلِ تحسین اقدام ہے ۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے سے صارفین کا ادارے پر اعتماد مضبوط ہوتا ہے اور سرکاری اداروں کی خدمات کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے وفاقی محتسب کو کیسز، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار، محکمانہ اقدامات اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ میپکو انتظامیہ صارفین کی شکایات کا بروقت، شفاف اور میرٹ پر حل یقینی بنانے کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وفاقی محتسب سمیت دیگر فورمز سے موصول ہونے والی شکایات کا مقررہ وقت میں مؤثر جواب اور عملی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔انجینئر گل محمد زاہد نے کہا کہ میپکو صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی، شکایات کے فوری حل اور ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments