بلدیاتی الیکشن میں بھرپور تیاری کیساتھ شرکت کرینگے ،نسیم لابر

بلدیاتی الیکشن میں بھرپور تیاری کیساتھ شرکت کرینگے ،نسیم لابر

کسان ، مزدور،تاجر ،صنعتکاروں سمیت ہر طبقہ حکومتی پالیسیوں سے مشکلات کاشکار

ملتان(لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر نے اپنے میڈیا بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان شہر کی تمام یونین کونسلوں سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری اور مکمل سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔ اس سلسلے میں عنقریب شہر بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کی جا رہی ہے جبکہ ملتان کے تمام صوبائی حلقوں کی یونین کونسلوں میں پارٹی عہدیدار، کارکنان اور مقامی رہنماؤں کے ساتھ تنظیمی و مشاورتی اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جمہوری، عوامی اور مزاحمتی جدوجہد کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے پیپلزپارٹی عوامی مسائل کے حل اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ آج کسان، مزدور، تاجر، صنعتکار، نوجوان، خواتین سمیت ہر طبقہ حکومتی پالیسیوں کے باعث مشکلات سے دوچار ہے ۔ مہنگائی، بے روزگاری، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور شہری مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، جبکہ نچلی سطح پر مسائل کا انبار ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مؤثر نظام دکھائی نہیں دیتا۔ملک نسیم حسین لابر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں محض اقتدار کے حصول کیلئے نہیں بلکہ عوامی خدمت، بنیادی سہولیات کی فراہمی، صاف پانی، سیوریج، صفائی، سڑکوں کی تعمیر، صحت، تعلیم اور شہری ترقی کے جامع پروگرام کے ساتھ عوام کے سامنے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ملتان کی عوام گواہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اس شہر کی ترقی کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے دورِ وزارتِ عظمیٰ 2008ء تا 2013ء میں ملتان کو ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا گیا۔ پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کی بھی عنقریب ملتان آمد متوقع ہے ۔ ان کی آمد پر ملتان کے پارٹی عہدیداراور کارکنان بھرپور استقبال کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...