ایس او پیز نظر انداز،ایمرسن یونیورسٹی میں کچرا جلانے کا انکشاف
زہریلا دھواں پھیلنے سے طلبہ ، اساتذہ اور ملازمین کی صحت متاثر ہونے کے خدشات
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کے باوجود ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں مبینہ طور پر کچرا جلانے کا انکشاف ہوا ہے ، جس سے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے سموگ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کی حدود میں کچرا جلانے سے زہریلا دھواں پھیلنے سے طلبہ، اساتذہ و ملازمین کی صحت متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو شکایت ارسال کرکے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔درخواست گزار کے مطابق کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بجائے مبینہ طور پر کھلے مقامات پر جلایا جا رہا ہے ، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ شکایت میں یونیورسٹی کے اسٹیٹ آفیسر ڈاکٹر یونس سہیل کے مبینہ کردار کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ کچرا جلانے کی اجازت کس افسر نے دی۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت سموگ کے خاتمے کے لیے پابندیاں اور حفاظتی اقدامات نافذ کر رہی ہے ، جبکہ دوسری جانب تعلیمی ادارے میں ایسا عمل ماحولیاتی پالیسی کے منافی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے ) کی ٹیم سے اچانک معائنہ کرایا جائے ، متعلقہ افسران کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف ماحولیاتی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments