تونسہ بیراج سے منسلک نہروں کے پانی میں22فیصد کمی

 تونسہ بیراج سے منسلک نہروں کے پانی میں22فیصد کمی

مظفرگڑھ اور ڈی جی خان کینال متاثر، نہروں کی بندش سے کاشتکار پریشان

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ربیع سیزن 2026-27 کے دوران پانی کی دستیابی میں کمی کے باعث تونسہ بیراج سے نکلنے والی نہروں کے پانی کے حصے میں 22 فیصد کمی کردی گئی ہے ، جس سے کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ سے منسلک مظفرگڑھ اور ڈی جی خان کینال کے لیے پانی کا حصہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد کم کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی خان آبپاشی زون کے تحت دونوں نہروں کے لیے ربیع سیزن کا مختص پانی بھی کم رکھا گیا ہے ، جبکہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے پنجاب اور سندھ کے لیے مجموعی طور پر 22 فیصد پانی کی قلت کی منظوری دی ہے ۔ ارسا کے مطابق ربیع سیزن میں پانی کی مجموعی دستیابی 29.183 ملین ایکڑ فٹ مقرر کی گئی ہے ، جبکہ 1991ء کے واٹر ایکارڈ کے تحت ضرورت 38 ملین ایکڑ فٹ ہے ۔ تونسہ بیراج پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 56 ہزار 505 کیوسک اور اخراج 49 ہزار 505 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ مظفرگڑھ کینال اور ٹی پی لنک کینال مکمل بند ہیں، جبکہ ڈی جی خان کینال میں 6 ہزار 500 کیوسک اور کچھی کینال میں صرف 500 کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ پانی کی کمی اور نہروں کی بندش سے کوٹ ادو، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان کے کاشتکاروں کو گندم سمیت ربیع کی فصلوں کی آبپاشی میں مشکلات کا سامنا ہے اور فصلوں کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...