آئندہ عام انتخابات کیلئے سکول عمارتوں کی انسپکشن کا فیصلہ

آئندہ عام انتخابات کیلئے سکول عمارتوں کی انسپکشن کا فیصلہ

ٹیمیں آج سے دورے کریں گی، کمروں، سہولیات، حدود، راستوں کا جائزہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ اسٹیشنز کے طور پر تجویز کردہ سرکاری اور نجی سکولوں کی عمارتوں کی جامع انسپکشن کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں آج 21 نومبر سے مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ شروع کریں گی۔ذرائع کے مطابق انسپکشن کا مقصد پولنگ کے روز ووٹرز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور پرامن بنانا ہے ۔ ٹیمیں ہر عمارت کی یونین کونسل کی حدود کی تصدیق کریں گی تاکہ پولنگ اسٹیشن متعلقہ حلقے میں قائم ہو اور ووٹرز کو اپنے قریبی مرکز تک رسائی میں مشکلات پیش نہ آئیں۔انسپکشن کے دوران سکولوں کے مرکزی دروازوں، کمروں کی تعداد، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پولنگ بوتھ قائم کرنے کے لئے کمروں کی دستیابی، ووٹرز کے داخلے اور اخراج کے راستوں، عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کے لئے مناسب جگہ کا بھی معائنہ کیا جائے گا۔ خواتین، بزرگوں اور معذور افراد کی سہولت کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ٹیمیں عمارتوں کے جغرافیائی کوآرڈینیٹس اور تصاویر بھی ریکارڈ کریں گی تاکہ مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے ، جو آئندہ پولنگ سکیم، عملے کی تعیناتی اور سکیورٹی پلان کی تیاری میں معاون ہوگا۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ انسپکشن کے دوران عمارتیں کھلی رکھیں، ٹیموں کو تمام حصوں تک رسائی دیں اور مطلوبہ معلومات کی فراہمی سمیت مکمل تعاون یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...