گیس کے بھاری بل اور بے دریغ لوڈشیڈنگ‘شہری پریشان
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد سوئی گیس کے بھاری بلوں اور بے دریغ لوڈ شیڈنگ پر خوشاب اور جوہر آباد کے مکین سراپائے احتجا بن گئے۔۔۔
گیس کے صارفین کا کہنا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کی غلط حکمت عملی کے باعث بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود ان کے گھروں کے چولہے نہیں جلتے، سارا دن گیس غائب رہتی ہے اور اگر خوس قسمتی سے گیس چالو ہو جائے تو اس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ چولہے دیئے کی طرح ٹمٹماتے ہیں جن پر کھاناتیار کرنا ممکن نہیں ہوتا، علی الصبح ہونیوالی گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث سکولوں کے طلبہ و طالبات اور سرکاری ملازمین کو ناشتہ کے بغیر ہی ڈیوٹی پر جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس صورتحال کے تناظر میں اپنی پالیسیاں نرم کرے اور محکمہ سوئی گیس کو لوڈ شیڈنگ ختم کر کے صارفین کو تسلسل کے ساتھ گیس فراہم کرنے پابند بنائے۔