کھلے مین ہولز کور، ٹوٹے ہوئے گٹروں کی مرمت جاری
سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے میگا پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ایم ڈی واسا سرگودھا راؤ ابو بکر نے کہا ہے کہ شہر میں کھلے مین ہولز کو ترجیحی بنیادوں پر کور کیا جا رہا ہے اور ایک ماہ کے دوران چھ سو سے زائد ٹوٹے ہوئے گٹروں کی مرمت اور ڈھکن رکھ دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کینٹ کے علاقے میں بھی گٹروں پر ڈھکن لگائے جا رہے ہیں۔راؤ ابو بکر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہر میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے میگا پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور بارش کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے لیے کمپنی باغ میں ٹینک بنایا جا رہا ہے ۔ شہر اور گلی محلوں میں بھی سیور لائنیں تبدیل کی جا رہی ہیں۔انہوں نے سیکرٹری پنجاب سے پینے کے پانی کے میگا پراجیکٹ کے لیے فنڈ جاری کرنے کی استدعا کی تاکہ سیور لائن بچھاتے ہوئے گلیوں کی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ میں پانی کی پائپ لائنیں بچھائی جا سکیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جن گٹروں پر ڈھکن نہ ہوں یا جو ٹوٹے ہوئے ہوں، اس کی فوری اطلاع دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی پینے کے پانی کے کنکشن رکھنے والے درخواست دے کر بغیر جرمانے کے اپنے کنکشن ریگولر کروائیں، ورنہ دوران مہم ایسے کنکشن رکھنے والوں کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ نئی بننے والی واٹر سپلائی سکیم یکم جنوری تک محکمہ پبلک ہیلتھ کو حوالے کی جائے گی تاکہ عوام کو پینے کے پانی کے کنکشن فراہم کیے جا سکیں۔