دین سے دوری ، کاروباری مشکلات کی وجہ، منور غوث
کاروباری مراکز کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)پاکستان کی معیشت کا دارومدار کاروباری مراکز پر ہے اور حکومت تاجروں اور کاروباری مراکز کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین زکوٰۃ و عشر پنجاب رانا منور غوث خان نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگیوں میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کو شامل کریں تو روزگار کے مواقع مزید بہتر ہوں گے ۔رانا منور غوث خان نے شاہین آباد میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے اور مختلف کاروباری مراکز کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دین سے دوری کاروباری مشکلات میں اضافے کا سبب بنتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اپنے کاروبار میں خالصتاً سنت نبوی ﷺ کو اپنائیں تو ہمارے کاروبار میں برکت لازمی ہوگی۔انہوں نے مساجد کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر آباد کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے ، مگر افسوس کی بات ہے کہ مساجد تو ہیں مگر نمازی بہت کم ہیں۔ رانا منور غوث خان نے کہا کہ شاہین آباد میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھنا اور کاروباری مراکز کا افتتاح کرنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے ۔