سول ڈیفنس ریزیلینس کور بھکر کے تحت خصوصی آگاہی سیمینار
جنگوں کے طریقۂ کار تبدیل ، تربیت یافتہ رضاکاروں کی ضرورت ہے احسان علی بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور بھکر کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی آگاہی سیمینار ضلع کونسل ہال بھکر میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر/کنٹرولر سول ڈیفنس بھکر احسان علی جمالی تھے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ سول ڈیفنس ایک نہایت اہم فورس ہے جو پری ڈیزاسٹر، ڈیورنگ ڈیزاسٹر اور آفٹر ڈیزاسٹر تینوں مراحل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہنگامی حالات اور جنگوں کے طریقۂ کار تبدیل ہو چکے ہیں، اس لیے ایسے تربیت یافتہ رضاکاروں کی اشد ضرورت ہے جو سول ڈیفنس کے طے شدہ پروٹوکول کے مطابق وطنِ عزیز کے لیے مؤثر خدمات انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھرتی ہونے والے رضاکار ضلع کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے اپنی تجاویز اور آراء پیش کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ انتظامی امور میں ان کی خدمات سے بھرپور استفادہ کر سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اب تک ضلع میں پانچ ہزار رضاکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے ، جبکہ نوجوان گھر بیٹھے متعلقہ ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن بھی کروا سکتے ہیں۔اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس میں مرد و خواتین، طلبہ اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تمام افراد رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹرڈ رضاکاروں کو فائر فائٹنگ، فرسٹ ایڈ اور سی بی آر (CBR) سمیت مختلف تربیتی کورسز کروائے جا رہے ہیں تاکہ زلزلہ، سیلاب یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تربیت یافتہ افراد کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ شہری آن لائن رجسٹریشن ویب سائٹ VCD.HOME.GOP.PK کے ذریعے بھی سول ڈیفنس میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔سیمینار سے چیف وارڈن ملک محبوب نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط سول ڈیفنس فورس ہنگامی حالات کے تینوں مراحل میں عوام اور حکومت کے لیے مؤثر معاون ثابت ہوتی ہے ۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے رجسٹرڈ ہونے والے رضاکاروں میں باقاعدہ انرولمنٹ سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے ۔