ڈی پی او میانوالی کی اڈا منیجرز اور ہوٹل مالکان کو سمارٹ آئی ایپس کے استعمال کی ہدایت
کمرمشانی (نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل نے ضلع بھر کے اڈا منیجران اور ہوٹل مالکان سے ایک اہم میٹنگ منعقد کی، جس میں اشتہاری مجرمان، نوسربازوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔
میٹنگ کے دوران ڈی پی او میانوالی نے اڈا منیجران کو ہدایات جاری کرتے ہوئےکہا کہ اڈا سے کسی بھی مسافر کو گاڑی میں بٹھانے سے قبل اس کا شناختی کارڈ Travel EYE ایپلی کیشن میں لازمی درج کیا جائے ۔ اسی طرح ہوٹل مالکان و منیجران کو پابند کیا گیا کہ کرائے پر کمرہ حاصل کرنے والے تمام افراد کا اندراج Hotel EYE ایپلی کیشن میں کیا جائے ۔ڈی پی او نے کہا کہ ان ایپلیکیشنز کے ذریعے ضلع میں آنے جانے اور قیام کرنے والے افراد کا مکمل اور شفاف ریکارڈ محفوظ ہوگا، جس سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر، سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان، نوسربازوں اور مشکوک افراد کی بروقت نشاندہی اور گرفتاری ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ہوٹل اور اڈا مالکان و منیجران پولیس کی ہدایات پر عمل کر کے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں اور ضلع کو پرامن بنانے ، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اس موقع پر ڈی پی او میانوالی نے اڈا اور ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل بھی سنے ، ان کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ افسران کو شہریوں اور اڈا منیجران کی سہولت کے لیے اڈوں پر پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔