شاہپور صدر:سہولت بازار کا آ غاز ، خواتین کیلئے سٹالز مخصوص
شاہپور صدر:سہولت بازار کا آ غاز ، خواتین کیلئے سٹالز مخصوص ایک چھت کے نیچے روزمرہ ضروریات زندگی کی تمام اشیا سرکاری نرخوں پر ملیں گی۔
شاہپور صدر (نامہ نگار)پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شاہپور صدر میں سہولت بازار کا کام شروع ہو چکا ہے اور یہ تین ماہ کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سہولت بازار میں خواتین اور معذور افراد کے لیے سٹالز مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ سب کو کاروبار کے برابر مواقع مل سکیں۔ یہاں عوام کو ایک چھت کے نیچے روزمرہ ضروریات زندگی کی تمام اشیا سرکاری نرخوں پر فراہم کی جائیں گی، جن میں آٹا، چینی، دالیں، گوشت، سبزیاں اور پھل شامل ہیں۔سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ بازار میں بجلی، پنکھے ، سکیورٹی اور صفائی بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی، فری ہوم ڈیلیوری 5 کلومیٹر کے دائرہ میں دستیاب ہوگی، اور نمازیوں کے لیے مسجد و واٹر فلٹریشن پلانٹ کی سہولت بھی دی جائے گی۔