ملزمالکان سستی گندم خرید کر آٹا مہنگا فروخت کرنے لگے 10کلوتھیلے کی سپلائی انتہائی کم

ملزمالکان سستی گندم خرید کر آٹا مہنگا فروخت کرنے لگے 10کلوتھیلے کی سپلائی انتہائی کم

فلور ملز مالکان اور مڈل مین مافیا کی مبینہ ملی بھگت ،15 کلو کا تھیلا 1800روپے میں فروخت ،دکانداروں کیلئے تھیلے کیساتھ سفید آٹے کی خریداری کی شرط رکھ دی ،شہر میں آٹے کا بحران سرا ٹھانے لگا

سرگودھا(نعیم فیصل سے )ناقص حکمت عملی اور چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے فلور ملز مالکان اور مڈل مین مافیا کی مبینہ ملی بھگت کے باعث دیگر شہروں کی طرح سرگودھا میں بھی آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا ہے ذرائع کے مطابق حساس ادارے کی جانب سے سرگودھا،سلانوالی، شاہ پور، بھلوال کے بعض فلور ملوں اور بڑے دوکاندار/ڈیلرز کے کوائف سول ایڈمنسٹریشن کو گزشتہ روز ارسال کرتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ آٹے کے 10کلو تھیلے کی قیمت تاحال 905روپے ہے ، تاہم فلور ملزمالکان گندم کی کمی کو جواز بنا کر سستے داموں خریدی گئی گندم سے آٹا تیار کر کے مہنگے داموں فروخت کرنے میں مصروف ہیں اورنہ صرف آٹے کی قیمت میں مزیداضافہ بلکہ متذکرہ ملز مالکان اور مڈل مین نے گٹھ جوڑ کر کے آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش شروع کر رکھی ہے ،فلور ملز مالکان نے دکانداروں کو دس کلو آٹے کی سپلائی انتہائی کم کر دی ہے اور یہی آٹا 15کلو کی پیکنگ میں 1800روپے تک فروخت کیا جانے لگا ہے ،یہی نہیں اس کے ساتھ سفید آٹے کی خریداری بھی مشروط کر رکھی ہے دوکاندار جتنے تھیلے سفید خریدیں گے اتنے دوسرے گٹو ملیں گے جس وجہ سے دکاندار آٹا مہنگا فروخت کرنے پر مجبور ہے ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ فلور ملز مالکان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے دکانداروں کو ہی کاروائی کا نشانہ بنائے گی ،جبکہ ہمارا کوئی قصور نہیں یہی وجہ ہے کہ دکانداروں نے آٹا خریدنا کم کر دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں