ڈی پی او کاپولیس لائنز جوہرآباد کا دورہ ، کھانے کا معیارچیک کیا
خوشاب (نمائندہ دُنیا)ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے پولیس لائنز جوہرآباد کا اچانک معائنہ کیا۔
اس موقع پر قائم مقام ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز و ڈی ایس پی انوسٹی گیشن خوشاب امجد علی، آر آئی پولیس لائن اور لائن آفیسر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ڈی پی او خوشاب نے پولیس لائنز میں قائم میس کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پولیس افسران و ملازمین کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار اور صفائی کے نظام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میس انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جوانوں کو معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا فراہم کیا جائے ۔اس موقع پر ڈی پی او خوشاب نے بتایا کہ ان شاء اللہ جلد ہی میس ہال کی تزئین و آرائش (رینویشن) کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ بعدازاں انہوں نے پولیس لائنز میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور صفائی و دیکھ بھال کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔