شوکت علی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،مریضوں سے ملاقات
شوکت علی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،مریضوں سے ملاقاتصفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ،کمشنر کی عملے کو ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری اور مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی جانب سے ہسپتالوں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی تسلسل میں کمشنر سرگودھا نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے ، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ مریضوں نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر سرگودھا نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے شعبہ صحت میں کیے گئے اقدامات کے ثمرات براہِ راست اور بلا تعطل مریضوں تک پہنچنے چاہئیں۔